مریم نوازکا نام ای سی ایل سے نکالنے پر اٹارنی جنرل معاونت کیلئے طلب
لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو معاونت کیلئے طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی۔مریم نواز کی طرف سے امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ جبکہ نیب کی طرف سے سپیشل پراسکیوٹر سید فیصل رضا بخاری عدالت پیش ہوئے جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق احمد خان بھی عدالت میں موجود رہے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل ہماری معاونت کریں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق احمد خان نے کہا کہ ویسے تو حکومت کا موقف آ چکا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اٹارنی جنرل پاکستان عدالت کی معاونت کریں، اگر وہ خود نہیں آسکتے تو ہم آرڈر کر کے بلوا لیں گے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اشتیاق احمد خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی 8 ہفتوں کی توسیع کو مسترد کر دیا ہے تو یہ درخواست غیر موثر ہو جائے گی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔