وزیر اعظم کادورہ کوئٹہ، پی ٹی آئی کا وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے سے انکار
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)بلوچستان میں حکمراں جماعت بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعت پاکستان تحریک انصاف میں خلیج وسعت اختیار کرگئی ہے جس کے بعد پی ٹی آئی بلوچستان کے اراکین نے سی ایم سیکرٹریٹ کوئٹہ جانے سے معذرت کرلی ہے تاہم پی ٹی آئی اراکین کا کہنا ہے کہ عمران خان ہمارے قائد ہیں وہ جہاں مناسب سمجھیں ہمیں ملاقات کے لئے وقت دیں لیکن وزیر اعلی بلوچستان کے نامناسب روئیے کی وجہ سے ہم سی ایم سیکرٹریٹ کی کسی سرگرمی میں شریک نہیں ہوسکتے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی بلوچستان کی جانب سے پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کے بیان پر رد عمل دینے کے بعد پی ٹی آئی بلوچستان اور بی اے پی کے مابین اختلافات شدت اختیارکرگئے ہیں گزشتہ روز پی ٹی آئی کے پارلیمانی اراکین کا غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے حال ہی میں سردار یار محمد رند کی اسمبلی میں تقریر کے رد عمل میں دئیے گئے بیان پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں جماعتوں کے مابین تعلقات کو دانستہ سبوتاژ کرنے کا اقدام قرار دیا گیا پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں کسی بھی قسم کی سرگرمی میں شریک نہ ہونے سے متعلق کئے جانے والے فیصلے سے وزیر اعظم ہاوس کو آگاہ کردیا ہے پی ٹی آئی بلوچستان کے اراکین صوبائی اسمبلی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہمارے قائد عمران خان ہیں وہ بلوچستان کے کسی بھی کونے میں ہم سے ملاقات کریں لیکن وزیر اعلی بلوچستان کے نامناسب روئیے کے باعث سی ایم سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی اراکین اخلاقی طور پر نہیں آئیں گے


