بحریہ ٹاؤن ‘ملک ریاض کے 26 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق

لاہور پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے 26 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد بحریہ ٹاؤن کے چند علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
لاہور کے ڈپٹی کمشنر دانش افضل نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جن افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ان میں ملک ریاض کے ذاتی ملازمین شامل ہیں جو بحریہ ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ میں کام کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضل کا کہنا تھا کہ 40 افراد کو شک کی بنا پر ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں تاحال 20 سے زیادہ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان افراد میں بحریہ ٹاؤن کے مالک کی رہائش گاہ پر کام کرنے والے سکیورٹی گارڈ، مالی، ڈرائیور اور دیگر گھریلو ملازمین شامل تھے۔
صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان نے کہ بحریہ ٹاؤن میں سامنے آنے والے ان افراد کے نمونے محکمہ صحت نے ہی لیے تھے، جنھیں ٹیسٹ کے لیے شوکت خانم لیبارٹری بھجوایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان متاثرہ افراد کی کل تعداد 26 ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضل نے بتایا کہ تمام متاثرہ افراد کو ایکسپو سنٹر لاہور میں قائم فیلڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ ان افراد کے رابطے میں آنے والے افراد کو بحریہ ٹاؤن کے اندر ہی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایسے مصدقہ مریض سامنے آنے کے بعد اس علاقے کو پولیس کی نفری تعینات کر کے سیل کر دیا جاتا ہے تاکہ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو محدود کیا جا سکے۔
انھوں نے بتایا ہے کہ علاقے میں مزید متاثرہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب میں اب تک2030 متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 15 اموات اور 25 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں