تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی پر جلد قابو پالیا جائے گا، سرداریار محمد رند

کوئٹہ:صوبائی وزیر ثانوی تعلیم ہائیر و ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کالجوں کے سربراہان محنت، لگن اور اخلاص کو اپنا شعار بنائیں۔ کالج کی سربراہی نہایت اہم عہدہ ہے اداروں کے سربراہان اپنے فرائض کی بجاآوری میں مزید بہتری لاتے ہوئے صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔ تعلیمی ڈھانچے میں اداروں کے سربراہان کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ کالجوں میں متعلقہ مضامین کے اساتذہ کی تعیناتی کو یقینی بنائی جائے گی۔ غیر متعلقہ مضامین اور خلاف قانون تبادلوں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ تدریسی اداروں میں طلباء کی تعداد اور اختیار کردہ مضامین کیلئے اساتذہ فراہم کیے جائیں گے۔ برسوں سے دوسرے محکموں میں اصولوں کے برخلاف کام کرنے والے اساتذہ کو واپس بلایا جائے گا۔ سروس سٹرکچر میں بہتری کیلئے سیکرٹری کالجز اور محکمے کے اعلیٰ حکام کام کررہے ہیں۔ جس کے نتائج بہت جلد عوام کو محسوس ہوں گے۔

اساتذہ کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ کالجوں میں اسٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 800 کے قریب لیکچراروں کی بھرتیوں کا عمل جاری ہے جو بہت جلد مکمل ہوجائے گا۔ جس سے نہ صرف کالجوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جاسکے گا بلکہ صوبے میں شرح خواندگی میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ میں پرنسپلز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد محکمہ کالجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان نے کیا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ثانوی تعلیم ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند، جبکہ اعزازی مہمان سیکرٹری کالجز ہائیر و ٹیکنیکل ایجوکیشن محمد ہاشم غلزئی تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر کالجز ربابہ حمید خان درانی سمیت صوبے کے تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کانفرنس میں کالجوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی اور انکے حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔ تقریب سے اپنے خطاب میں سیکرٹری کالجز و ہائیر ایجوکیشن محمد ہاشم غلزئی نے کہا کہ صوبے بھر کے تمام کالجوں میں سہولیات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اور معیاری تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کوشش ہے کہ محکمے میں مثبت تبدیلیاں لائیں۔

اس سلسلے میں قانون سازی سمیت تمام آپشن استعمال کیے جائیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے کہا کہ محنتی اساتذہ ہمارا فخر ہیں۔ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلیے حتی الوسع کوشش کررہے ہیں۔ صوبے میں معیاری تعلیم اور کالجوں کے مسائل سمیت ہائیر ایجوکیشن کیلئے مختص فنڈز میں اضافے کیلیے صوبائی حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آپکے مسائل کو اپنے مسائل سمجھتا ہوں۔ میرے گھر کے دروازے آپ کیلئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی پر جلد قابو پالیا جائے گا۔ اساتذہ کی تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر نے حکام کو حکومت کی جانب سے مختلف کالجوں کیلئے فراہم کیے گئے نئے بسوں کی چابیاں بھی دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں