مہاجرین کو جعلی ڈومیسائل و لوکل کا اجراء کیا جا رہا ہے، ساجد ترین

کوئٹہ:بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل پرمشتمل ڈویژنل بینچ نے سینئر قانون دان ساجد ترین ایڈووکیٹ ودیگر کی جانب سے جعلی ڈومیسائل /لوکلز سے متعلق دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان،ایڈووکیٹ جنرل،درخواست گزاران ساجد ترین ایڈووکیٹ،دوست محمد ایڈووکیٹ ودیگر پیش ہوئے سماعت کے دوران بینچ نے آئندہ سماعت پر ڈومیسائل سے متعلق رپورٹ جمع نہ کرانے والے ڈپٹی کمشنرز کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ پیش نہ ہونے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی،ساجد ترین ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایاکہ پشتون اور بلوچ بیلٹ میں مقامی سطح پر مہاجرین کوجعلی ڈومیسائل کااجراء کیاجارہاہے جس پر چیف جسٹس نے برہمی کااظہار کیا اور حکم دیاکہ جعلی ڈومیسائل کے اجراء میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیں۔عدالت نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیاکہ وہ ڈومیسائل/لوکلز کے اجراء کو کمپیوٹرائزڈ سسٹم کیاجائے اگر آئندہ سماعت پر اس سلسلے میں میکنزم سے متعلق رپورٹ پیش نہ کی تو عدالت کارروائی کریگی،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو قانون سازی کیلئے ڈرافٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔بعدازاں سماعت آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں