بی ایم سی کمپلیکس اور سنڈیمن پراونشل ہستپال میں سیکورٹی انتظامات انتہائی ناقص ہیں، ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن
کوئٹہ:ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال اور سنڈیمن پراونشل ہسپتال میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے سبب سیکورٹی انتظامات انتہائی ناقص ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان نے کہا کہ ایک ہی ہفتے میں صوبے کے 2 بڑے ہسپتالوں میں یکے بعد دیگرے ناقص سیکورٹی کے باعث بی ایم سی نیورو میڈیسن، گائنی اور سنڈیمن پراونشل ہسپتال کی کوویڈ آئی سی یو میں مریضوں کے لواحقین کی جانب سے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کو ہراساں کرتے ہوئے ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی گئی کوویڈ آئی سی یوز سمیت تمام شعبوں میں ڈاکٹرز محدود وسائل میں مکمل یکسوئی کیساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں مگر حکومتی نااہلی اور بے حسی عروج پر ہے۔ترجمان نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے بارہا مختلف فورمز پر ناقص سیکورٹی سے درپیش مسائل کو اجاگر کرنے اور ایک قابل عمل سیکورٹی ایکٹ کے نفاذ کا مطالبہ کرنے کے باوجود بھی صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا کوئی مثبت کردار سامنے نہیں آیا، دوران ڈیوٹی ڈاکٹروں پر حملہ اب روزانہ کا معمول بن چکا ہے ڈسٹرکٹ پولیس واقعے کے بعد ہسپتالوں پہنچ کر قانونی کاروائی عمل میں لانے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال اور سنڈیمن پراونشل ہسپتال جیسے بڑے ہسپتالوں میں ایک شفٹ میں صرف 4 سے 5 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جوکہ ڈاکٹر و دیگر اسٹاف کی زندگیاں دانستہ طور پر خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے،ترجمان نے کہا کہ موجودہ ناقص سیکورٹی صورتحال میں ہسپتالوں میں کام کرنا اب انتہائی مشکل ہوگیا ہے ینگ ڈاکٹرز جہاں موجودہ وبائی صورتحال میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دن رات اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں وہاں اس ناقص سیکورٹی کے سبب شدید مشکلات کاشکار ہیں۔ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت و ڈسٹرکٹ انتظامیہ سیکورٹی انتظامات میں غفلت برتتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹیز چھوڑ پر احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہی ہے۔ترجمان نے وزیر اعلی بلوچستان، صوبائی وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری صحت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ناقص سیکورٹی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے صوبے کے ان 2 بڑے ہسپتالوں کیلئے ایک مکمل سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے بصورت دیگر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔


