زیارت،دو قبیلوں میں تصادم ایک شخص جاں بحق8زخمی،دوکانوں کو آگ لگادی
زیارت:بلوچستان کے سیاحتی علاقے وادی زیارت زمین کی تنازعہ پر میدان جنگ بن گئی،دو قبیلوں کی آپس میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے،دوسری جانب مخالف فریقین نے بازار میں واقع دکانوں کو آگ لگا دیں جس سے سینکڑوں دکانیں متاثر ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز بلوچستان کے ضلع زیارت میں اراضی پر دو قبیلوں میں تصادم فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ضیاء الدین جاں بحق جبکہ 8افراد زخمی ہوگئے لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کردیاگیاہے،دوسری جانب واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایک قبیلے کے افراد نے ہسپتال کا رخ کیا اور مذکورہ قبیلے کے لوگوں کی جانب سے حالات بے قابو ہوگئے اور زیارت بازار میں واقع مخالف فریقین کے دکانوں کو آگ لگا دی جس سے بڑی تعداد میں دکانیں متاثر ہوئیں، واقعہ کو کنٹرول کرنے کیلئے صوبہ بھر سے بڑی تعداد میں قبائلی مشران نے زیارت کا رخ کرلیا، جس میں نوابزادہ جوگیزئی، عبدالرحیم زیارتوال، مختلف اضلاع کے قبائلی عمائدین شامل ہیں۔صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے اپیل کی کہ زیارت کے دونوں قبائل صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے مزید تصادم سے گریز کریں۔ خون خرابہ کرنے کے بجائے دونوں قبائل مزید تصادم سے کرنے سے گریز کرکے زیارت کی امن کو برقرار رکھے۔ صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے ڈپٹی کمشنر زیارت، ڈی ایچ او، ایم ایس زیارت سے رابطہ کرکے امن وامان قائم کرنے اور زخمیوں کو پوری طبی امداد کی فراہمی کرنے کی ہدایت کی۔


