خواتین کے متعلق بیان پر عمران خان معافی مانگیں، قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور:خواتین کے لباس کے متعلق بیان پر مسلم لیگ(ن)نے وزیراعظم کو عوام سے معافی مانگنے اور مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔مسلم لیگ(ن)کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہاگیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا خواتین کے ریپ کے متعلق بیان انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔فحاشی اور جنسی تشدد کا خواتین کے لباس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔پاکستان میں ایک سال کے دوران 25سو سے زائد کمسن بچے بچیاں جنسی زیادتی کا شکار ہوئے ہیں۔وزیراعظم اس سے قبل بھی عورتوں کی لباس اور ریپ کے بارے میں غیر سنجیدہ بیان دے چکے ہیں۔عمران خان کا یہ بیان وزیراعظم کے آفس کی تذلیل ہے۔عمران خان بطور ریاست کا سربراہ اپنی اہمیت اور وقار کھوچکے ہیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں اوروزیراعظم عمران فوری اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔


