فواد جھوٹ بول رہے ہیں، شہباز شریف نے وزیراعظم سے متعلق کوئی پیغام نہیں بھجوایا،مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی میں شرکت نا کرنے سے متعلق فواد چوہدری کے شہباز شریف سے منسوب پیغام کو جھوٹ قرار دیدیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری پروپیگنڈہ مشین ہیں، میٹنگ اسپیکر نے بلائی تھی شہباز شریف کیسے منع کرتے، شہباز شریف نے کسی کو کوئی پیغام نہیں بھیجا۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے پاس شہباز شریف یا شہباز شریف کے دفتر کی کوئی سرکاری خط و کتابت ہے تو دکھائیں؟
شہباز شریف کا پیغام ملا، اگر وزیراعظم آئے تو وہ اجلاس میں نہیں آئیں گے: وزیر اطلاعات
ترجمان ن لیگ نے سوال کیا کہ کیا عمران صاحب کورونا کی نیشنل پارلیمانی میٹنگ سے شہباز شریف کے کہنے پر چلے گئے تھے؟ قومی اہمیت اور سلامتی کے دیگر معاملات پر عمران صاحب کیا شہباز شریف کے کہنے پر نہیں آئے تھے؟
مریم اورنگزیب نے یہ بھی پوچھا کہ الیکشن کمیشن ارکان کے تقرر کے لیے مشاورت سے بھی شہباز شریف نے عمران صاحب کو منع کیا تھا؟
خیال رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی طرف سے اسپیکر قومی اسمبلی کو پیغام گیا تھا کہ اگر وزیراعظم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آئے تو وہ نہیں آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں