پاکستان میں چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے داسو بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا،پاک فوج اپنے دوستانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، گوکہ ہم امن کے لیے کوشاں ہیں لیکن ہمیں ملک دشمن عناصر خصوصا پاک چین اسٹریٹجک تعاون کے لیے خطرے کا سبب بننے والے تمام عناصر کے خلاف مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق چین کے سفیر نونگ رونگ نے پیر کو جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس دوران آرمی چیف نے داسو بس کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے چین کی حکومت اور عوام بالخصوص سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاک فوج ہمارے دوست چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتی ہے اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں سے مکمل تعاون اور سلامتی یقینی بنانے کی یقین دہانی کراتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوکہ ہم امن کے لیے کوشاں ہیں لیکن ہمیں ملک دشمن عناصر خصوصا پاک چین اسٹریٹجک تعاون کے لیے خطرے کا سبب بننے والے تمام عناصر کے خلاف مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔ فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مستقل تعاون کی ضرورت اور ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں