اسرائیلی قید میں مزید 5فلسطینیوں نے بھوک ہڑتال شروع کر دی
رام اللہ:کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں مزید 5 فلسطینیوں نے انتظامی قید کے خلاف بطور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔کلب برائے اسیران کے مطابق اسرائیلی زندانوں میں بھوک ہڑتال کرنیوالے فلسطینی اسیران کی تعداد 13 ہوگئی ہے، اس سے قبل 5 فلسطینی شہری اسرائیلی زندانوں میں بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے تھے۔کلب برائے اسیران کے مطابق بھوک ہڑتال کی فہرست میں شامل ہونیوالوں میں علا الدین خالد علی، احمد عبدالرحمان ابو سل، محمد ابو خالد ابو سل، حسام تیسیر ربعی اور فادی العمور شامل ہیں جس کے بعد اسرائیلی زندانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔قبل ازیں آٹھ فلسطینی شہریوں سالم زیدات، محمد اعمر، مجاھد حامد، محمود الفسفوس، کاید الفسفوس، رافت الدرویش، جیفارا النمورہ اور ماہر دلایشہ نے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔


