رکن پنجاب اسمبلی ایم پی اے نذیر چوہان گرفتار

لاہور: پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی اور جہانگیر ترین گروپ کے رکن نذیر چوہان کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا کے مطابق پولیس نے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایل ڈی اے کمپلیکس سے نذیر چوہان کو گرفتار کیا۔
نذیر چوہان ایل ڈی اے کمپلیکس میں ڈی جی ایل ڈی اے سے ملاقات کے لیے آئے تھے اور پولیس ان کی فون لوکیشن کے ذریعے انہیں گرفتار کرنے پہنچی جہاں عمارت سے باہر آنے پر انہیں پولیس موبائل میں بٹھا دیا گیا۔
پولیس کا کہناہےکہ نذیر چوہان کو تفتیش کے لیے تھانہ ریس کورس منتقل کیا جائے جس کے بعد انہیں ایف آئی اے کے سائبر کرائم دفتر منتقل کیا جائے گا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ نذیر چوہان نے ایک نجی پروگرام میں شہزاد اکبر کے خلاف بات کی تھی جس پر ان کی آواز میچنگ کرنےکے لیے سائبر کرائم دفتر لے جایا جائے گا۔
دوسری جانب نمائندہ جیونیوز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نذیر چوہان نے کہا کہ پولیس نے انہیں شہزاد اکبر کیس میں گرفتار کیا، شہزاد اکبر نے اپنا اثرو رسوخ استعمال کیا۔
علاوہ ازیں نذیر چوہان کی گرفتاری کے بعد ترین گروپ کے ارکان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں ارکان کا کہنا ہےکہ صورتحال واضح ہونے پر مؤقف دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں