کڑے وقت میں افغانستان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے، او آئی سی
جدہ:سعودی عرب کی سربراہی میں افغانستان کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم ”او آئی سی“ کا غیرمعمولی اجلاس جدہ میں ہوا۔سعودی عرب نے دو روز قبل افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔57 مسلم ممالک کی نمائندگی کرنے والی اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ جنگ زدہ ملک میں انسانی ضروریات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لیے کڑے وقت میں افغانستان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو بچانے کے لیے ہرممکن اقدامات اْٹھائے جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین نے کہا کہ افغانستان میں مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔ افغانستان میں امن کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اْٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔


