یمن کے متحارب گروہوں میں لڑائی کے دوران 65جنگجوہلاک
صنعاء یمن کے متحارب گروہوں میں لڑائی کے دوران 65جنگجوہلاک ہوگئے،میڈیارپورٹس کے مطابق یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان زہ جھڑپوں میں 65 جنگجو ہلاک ہو گئے۔ تازہ معرکہ آرائی تیل سے مالا مال شہر معارب میں ہوا۔یمن میں فوجی اور طبی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کم سے کم 65 جنگجو ہلاک ہوئے۔ معارب یمنی حکومت کا مضبوط گڑھ ہے۔ سعودی عرب نے جون میں باغی گروپ پر بمباری کی تھی جس سے انہیں کافی نقصان ہوا تھا اور تبھی سے حوثی باغیوں نے شہر پر کوئی بڑا حملہ نہیں کیا تھا۔اس خانہ جنگی کو ایران اور سعودی عرب کے درمیان رسہ کشی اور ان کی درپردہ جنگ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس میں اب تک دسیوں ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور اس وقت ملک کی تقریبا 80 فیصد آبادی بیرونی امداد کے سہارے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں غذا اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے اور ملک بدترین انسانی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔


