دو کروڑ سے زائد بچوں کا اسکول سے باہر ہونا تشویشناک ہے، بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ پاکستان میں اسکول جانے کی عمر کے دو کروڑ سے زائد بچوں کا اسکول سے باہر ہونا تشویشناک ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے،پاکستان میں اسکول جانے کی عمر کے دو کروڑ سے زائد بچوں کا اسکول سے باہر ہونا تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت ہو یا ماضی کی غیرجمہوری حکومتیں، خواندگی کا فروغ اْن کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کا تعلیم کے میدان میں صرف افغانستان سے آگے ہونا، لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کا یہ فرض ہے کہ تعلیم کو سب کے لیئے، خصاصاً بچیوں کے لیئے، یکساں طور پر قابلِ رسائی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی وبائکے بعد تعلیم بالغان و غیر رسمی تعلیم جیسے پروگرامز کو جدید خطوط پر استوار کرنا حالات کا تقاضا ہے،موجودہ حکومت کی ایجنڈا خواندگی میں اضافہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت کی توجہ کا محور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے تحت وسیلہ تعلیم پروگرام کا نام تبدیل کرنا ہے، پیپلز پارٹی کے ادوار حکومت میں شعبہ تعلیم میں نمایاں و بنیادی اقدامات اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سب سے زیادہ اسکول اور یونیورسٹیوں کا قیام قائدِ عوام، شہید محترمہ اور مردِ حر کے ادوار میں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کی حکومت نے اپنے بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز 277.5 ارب روپے محکمہ تعلیم و خواندگی کیلئے رکھے،تعلیم کا فروغ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی آئندہ الیکشن میں کامیاب ہوکر شرح خواندگی میں اضافے کے لیئے اپنی کاوشوں کو ازسرِ نو بحال کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں