نواز شریف کے معاملے پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا‘ حماد اظہر
لاہور:وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ اگر حکومت سخت فیصلے نہ کرتی تو معیشت کابہت برا حال ہوتا،حکومت کے سخت فیصلوں کی وجہ سے کچھ مہنگائی ہوئی تاہم اب معیشت میں استحکام آیاہے اور اس کے فوائد عام عوام تک پہنچانے کا کام شروع کر دیا گیا،سخت فیصلے نہ کرتے تو اس سے بڑی تباہی آتی،ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر کافی حد تک عمل کر دیا گیا ہے،2020 میں باقی 13 شرائط پر مکمل عملدرآمد کر لیا جائے گا،نواز شریف کی ملک واپسی کے معاملے پر جو بھی ہو گا قانون کے مطابق ہو گاہم کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حماد اظہر نے کہا کہ آج تجارتی خسارے میں 70 فیصد کمی آ چکی ہے،معیشت کو آئی سی یو سے نکال کر پہلے جنرل وارڈ میں شفٹ کیا اور اب اسے ڈسچارج کیا جا رہا ہے،عالمی دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کر رہی ہے،امریکی صدر نے بھارت میں بیٹھ کر پاکستان کے کردار کی ستائش کی،امریکہ اور افغان طالبان میں معاہدہ پاکستان کے عملی تعاون سے ممکن ہوا،اس معاہدے سے عمران خان کا 10 سال پرانا موقف درست ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سخت فیصلے کرنا پڑے جس کی وجہ سے کچھ مہنگائی ہوئی،اگر سخت فیصلے نہ کرتے تو ملکی معیشت کا بہت زیادہ برا حال ہوتا،مہنگائی کم کرنا اولین ترجیح ہے۔