ایران نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان میں امداد بھیج دی

جلال آباد:ایران کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنا پر بھیجی جانیوالی امداد افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار پہنچ گئی ہے۔ایک صوبائی عہدیدار مولوی نیاز محمد وہاج نے پیر کو بتایا کہ صوبائی حکومت کے عہدیداروں اور ایرانی قونصل خانے کے سربراہ ماجد صدیقی دولت آبادی نے اتوار کی سہ پہر جلال آباد ایئرپورٹ پر 6 ٹن چاول اور 4 ٹن ادویات پر مشتمل یہ کھیپ وصول کی، جو حال ہی میں صوبے میں ایک مسجد پر ہونیوالے دہشتگردانہ حملے سے متاثر ہونیوالے افراد سمیت مستحق خاندانوں میں تقسیم کی جائیگی۔اس موقع پر افغان عہدیدار نے ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلامی ممالک سمیت عالمی برادری سے اس نازک مرحلے پر افغانوں کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا۔عالمی فوڈ پروگرام اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف)سمیت امدادی اداروں نے افغانستان میں بڑھتی ہوئی غربت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی برادری موسم سرما سے پہلے جنگ زدہ ملک کو امداد بھیجنے میں ناکام رہی تو انسانی المیہ پیش آ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں