سبی، بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے احکامات ہوا میں اڑ گئے، گوشت سرعام فروخت، صفائی ندارد
سبی:سبی شہر اور گردونواح کے قصابوں اور مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی دکانوں پر صفائی ستھرائی کاناقص انتظام، قصاب دکانوں میں بغیر جالیاں لگائے گوشت کی سرعام فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں،فوڈ اتھارٹی سمیت ضلعی انتظامیہ کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا، فوڈ اتھارٹی کی معنی خیز خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔تفصیلات کے مطابق سبی شہر اور گردونواح میں قصابوں اور مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی دکانوں پر صفائی ستھرائی کا ناقص انتظام ہونے کی وجہ سے سارا دن گوشت پر مکھیاں مچھر و دیگر حشرات بیٹھتے اور غلاظت پھیلاتے رہتے ہیں شہر میں سلاٹر ہاوس مکمل فعال نہ ہونے کی وجہ لاغر و بیمار اور نیم مردہ جانوروں کوقصاب دیدہ دلیری کے ساتھ ذبح کرکے گوشت شہریوں میں فروخت کر دیتے ہیں اور پیسوں کی چمک کے کمال سے قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران سب اچھا ہے کا راگ آلاپتے دکھائی دیتے ہیں۔شہر کی سماجی وسیاسی شخصیات نے کمشنر سبی ڈویژن ڈپٹی کمشنر سبی سمیت ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ قصابوں اور مرغی فروشوں کو دکانوں پر جالیاں لگانے اور نالوں پر قائم ہونے والی دکانوں پرگوشت لٹکائے جانے پر پابندی عائد کی جائے تاکہ شہری حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق صحت مند جانوروں کا گوشت خرید کر استعمال کر سکیں۔


