یمن کی جنگ میں فریق نہیں ہیں،ایران کا دوٹوک اعلان
اسلام آباد:ایران نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ وہ یمن کی جنگ میں فریق نہیں ہے۔ ایران جنگ زدہ یمن میں متحارب ملکوں کے درمیان اختلافات دور کرانے اور اس میں انسانی سانحے کے خاتمے کی غرض سے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کے ایک مخصوص حلقے میں یمن اور متحدہ عرب امارات کے حوالے سے ایران پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ اس طرح کے الزامات سے ایران اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں رائے عامہ کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ایرانی سفارتخانہ کا کہناہے کہ ایران، متحدہ عرب امارات سمیت اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کی سالمیت اور اقتدار اعلی کا احترام کرتا ہے۔ مخصوص میڈیا نے حقائق کے منافی خبریں شائع کر کے یمن میں جنگ بندی کے لیے ایران کے مخلصانہ اقدامات کو چھپانے کی کوشش کی ہے۔


