وزیراعظم 4روزہ دورے پر چین پہنچ گئے
بیجنگ : وزیراعظم عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر 4روزہ دورے کیلئے وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچے،وزیراعظم کے بیجنگ ایئرپورٹ پہنچنے پر چین کے اسسٹنٹ وزیرخارجہ ووجیانگ ہا، پاکستان کے سفیر معین الحق، چین کے سفیر نونگ رونگ سمیت چینی حکام نے پرتپاک استقبال کیااور وزیراعظم عمران خان کو گلدستہ پیش کیا۔تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا کا وفد چین کے 4 روزہ دورے پر جمعرات کوبیجنگ پہنچ گیا۔وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر کے ساتھ جاری پیغام میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان بیجنگ کے بیجنگ کیپٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ بیجنگ ایئرپورٹ پر چین کے اسسٹنٹ وزیرخارجہ ووجیانگ ہا نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر چین میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق، پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ سمیت چینی حکام بھی موجود تھے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ سینیٹر شوکت ترین، مشیر قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف، مشیر تجارت ڈاکٹر عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور شامل تھے۔وزیراعظم چار روزہ دورے کے دوران چینی صدر شی چن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ سمیت چینی صنعتکاروں سے ملاقاتیں کریں گے اور مفاہمتی یادداشتوں کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان دورے کے موقع پر سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔


