کراچی،صحافی اطہر متین سپردخاک
کراچی:کراچی میں جمعہ کی صبح شہید ہونےوالےسماء ٹی وی کے صحافی اطہر متین کی تدفین یاسین آباد قبرستان میں کردی گئی۔اطہر متین کی نماز جنازہ نماز ظہر کے بعد کلفٹن بلاک 5 میں صدیق اکبر مسجد میں ادا کی گئی۔ان کی تدفین یاسین آباد قبرستان میں کردی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ان کے بھائی کی کوئٹہ آمد کے باعث نماز جنازہ میں تاخیر ہوئی۔اطہر متین کی نماز جنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، پیپلزپارٹی رہنما سعید غںی،ڈاکٹر فاروق ستار،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعيم ،پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرا اور ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامرخان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔جمعہ کی صبح سماء کے سينيئر پروڈيوسر اطہر متين کی شہادت شہری کو ڈکيتی سے بچاتے ہوئے ہوئی۔ان کی شہادت کی خبر ملتے ہی نيوز روم ميں رقت آميز مناظر تھے۔
بھائی جيسی ملنسار شخصيت کے بچھڑنے پر ہر کوئی زاروقطار روتا رہا۔مجموعی طور پر7 سال سماء سے وابستہ رہنے والے اطہر متين نے نيوز روم ميں صحافتی ذمے دارياں نہايت ہی احسن طريقے سے نبھائيں۔ وہ ہمیشہ جونيئرز کی تربيت اور سکھانے ميں پيش پيش رہتے تھے۔اطہر متین کو جمعہ کی صبح کراچی کےعلاقے نارتھ ناظم آباد میں کےڈی اے چورنگی کےنزدیک مسلح ڈاکوؤں نے شہید کردیا تھا۔
انھوں نے مصروف شاہراہ پر ڈکیتی کی واردات ناکام بنانے کی کوشش کی۔ سماء سے بات کرتے ہوئے واقعے کےعینی شاہد نے بتایا کہ اطہر متین کی گاڑی کی ٹکر لگنے کےبعد ڈاکو گر گئے اور ان کی موٹرسائیکل خراب ہوگئی،اس دوران وہ پیدل فرار ہونےلگے۔ وہاں موجود افراد نے فائرنگ کی آوازسن کر ڈاکوؤں پر پتھر بھی برسائے تاہم وہ انھیں نہ لگے اور وہ ایک اور شہری کی موٹرسائیکل چھین کر پہاڑگنج کی جانب فرارہوگئے۔


