چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید تین ہفتے دینے کی منظور ی

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید تین ہفتے دینے،چھوٹا کاروبار کرنے والوں کیلئے 75 ارب روپے کے پیکج سمیت صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی منظوری دیدی۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا جس میں مختلف امور اور تیرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔کابینہ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزراء شریک ہوئے جبکہ ویڈیو لنک کی خرابی کے باعث کچھ وزراء شریک نہ ہو سکے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے چینی انکوائری کمیشن سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی جس کے بعد کابینہ نے چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید تین ہفتے دینے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے مسابقتی کمیشن کے قائم مقام چیئرپرسن کی تعیناتی، پیٹرولیم سیکٹر کی سرکاری کمپنیوں میں ڈائریکٹرزکی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں پاکستان پیٹرولیم کمپنی سوئی نادرن گیس پاکستان منرل ڈویلپمنٹ اور آئل اینڈگیس کمپنی میں ڈائریکٹرز کی نامزدگیوں کی منظوری دی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور کورونا وائرس پر قائم قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی، کابینہ نے قانونی مقدمات سے متعلق کابینہ کی کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی وفاقی کابینہ نے لاک ڈاؤن کو 9 مئی تک بڑھانے کے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلہ کی توثیق بھی کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے کورونا سے لڑنے والے طبی عملے کی معاونت کے لیے پیکج کی منظوری دی جبکہ چھوٹا کاروبار کرنے والوں کیلیے 75 ارب روپے کے پیکج کی توثیق کرتے ہوئے صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی بھی منظوری دے دی ہے کابینہ اجلاس میں پاک عرب ریفائنری بورڈ آف ڈائریکٹرزکی تشکیل نو کی منظوری دی گئی جب کہ واپڈا کے ممبر فنانس کی تقرری کا معاملہ مؤخر کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں