اراضی الاٹمنٹ کیس میں میر شکیل الرحمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم


لاہور:احتساب عدالت نے اراضی الاٹمنٹ کیس میں جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے 12 مئی کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیدیا گیا۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ میرشکیل الرحمان بیمار ہے اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔عدالت نے حکم دیا کہ ایمبولینس کھڑی ہے فوری طور پر میر شکیل الرحمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ تفتیشی افسر نے عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے میر شکیل الرحمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ دوران سماعت نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ میر شکیل الرحمان سے تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں،عدالت جیل بھیجنے کا حکم دے۔عدالت نے میر شکیل الرحمن کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے دوبارہ 12 مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔