فریقین جنگ سےمتعلق شدت کے موقف سے گریز کریں،امارت اسلامیہ افغانستان

کابل:یوکرین کے مسئلے پر امارت اسلامیہ افغانستان کا کہنا ہے کہ فریقین جنگ سے متعلق شدت کے موقف سے گریز کریں، یوکرین میں تمام اسٹیک ہولڈرز برداشت سے کام لیں۔

امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان یوکرین کی صورت حال کاقریب سے جائزہ لے رہا ہے۔افغانستان کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس صورتحال سے یوکرین میں ممکنہ عوامی نقصانات کے خدشات ہیں،یوکرین کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے پرامن طور پرحل کریں۔

انہوں نے کہاکہ افغان وزارت خارجہ یوکرین میں افغان شہریوں اور طلبہ کےتحفظ کا خیال رکھے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز یوکرین پر حملہ کرنے والے روس نے دارالحکومت کیف کا محاصرہ کر لیا ہے، روسی افواج کیف سے 20 میل کےفاصلے تک پہنچ گئی ہیں۔

حملے کے دوسرے دن کیف میں 2 دھماکے ہوئے ہیں، ایک میزائل کا ملبہ گھر پر گرنے سے آگ لگ گئی، شہر لوویو میں سائرن بجنا شروع ہو گئے ہیں۔یوکرینی ایئر ڈیفنس کی جانب سے روسی فضائی حملہ روکنے اور روسی طیارے مار گرانے سمیت متعدد میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

یوکرین میں اندرون ملک ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہے، زمینی حملے کے خدشے کے پیشِ نظر پاکستان کا سفارت خانہ کیف سے پولینڈ کی سرحد کے قریبی شہر ٹرنوپل منتقل کر دیا گیا ہے۔یوکرین نے حملوں میں 137 شہری ہلاک اور 150 زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم نے یوکرین کی 118 ملٹری انفرا اسٹرکچر سائٹس تباہ کر دی ہیں۔روسی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ روسی فوج نے بحیرۂ اسود میں یوکرینی جزیرے زمینائی آئی لینڈ پر قبضہ کر لیا ہے، جہاں 82 یوکرینی فوجیوں نے سرینڈر کیا ہے۔

یوکرینی نیوکلیئر ایجنسی کا کہنا ہے کہ مشہور چرنوبل ایٹمی پلانٹ پر روس نے قبضہ کر لیا ہے جس کے بعد ایٹمی پلانٹ سے تابکاری کا اخراج شروع ہو گیا ہے جو قابلِ قبول حد سے زائد ہے۔نیوکلیئر ایجنسی کے مطابق چرنوبل سے گاما شعاعوں کا اخراج بڑھا ہے، حالتِ جنگ کے باعث اس کی وجہ معلوم کرنا مشکل ہے۔

یوکرین پر حملے کے خلاف روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں احتجاج کیا گیا، جس میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ماسکو میں بھی ایک ہزار سے زائد افراد نے یوکرین پر حملے کے خلاف مظاہرہ کیا، جہاں پولیس نے 1 ہزار 700 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں