کٹھ پتلی حکمران کو ملک کے نظریات کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبد الواسع نے کہا کہ اسلام اور پاکستان دشمن لابی کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے قوم کو بیرونی آقاؤں کا غلام بنانا چاہتے ہیں، پاکستان کی خودمختاری سالمیت اور اسلامی تشخص کے دفاع میں جمعیت سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے کٹھ پتلی حکمران کو ملک کے نظریات کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ جب تک اہل وطن کو یہ معلوم نہ ہوگا کہ ہمارا دشمن کون ہے وہ کس کس طریقے سے پاکستان پر حملہ آور ہیں،ان وطن دشمنوں کو ملک کے اندر سے کن کن لوگوں کی حمایت حاصل ہے؟ تب تک ہم اس دشمن یا ان دشمنوں کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے اور ہمیں نظریاتی اور معاشی حوالے سے مار پڑتی رہے گی جسکا نتیجہ وہ قیمت ادا کرنا بھی ہو سکتا ہے جوہم ادا نہ کر سکیں انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو سازشوں اور حملوں اور دشمن کے طریقہ واردات سے سیاسی فہم اور شعور دینا ہوگا کہ ہم نے یہ ملک کس مقصد کیلئے بنایا تھا اور ان کے اغراض ومقاصد میں کن اکابر کی محنت شاقہ شامل رہی انہوں نے کہاکہ قوم کا شعور بیدار کر کے اسے اس کے دشمنوں کی پہچان کرانا، دشمنوں کے عزائم سے قوم کوآگاہ کرنا علماء حق کی ذمہ داری ہے تاکہ جدید دور کے جدید دشمنوں کو پہچاننے کے لیے قوم مدبر اور محب وطن قیادت کے موقف کو اپنی آواز بنا کر ملک اور اسلام کے دفاع کیلئے جدو جہد تیز کریں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے اکابرین کی جدو جہد کے نتیجے میں ہی پاکستان کو اسلامی شناخت ملی اس کی حفاظت ہر قیمت پر کی جائے گی۔


