تحریک عدم اعتمادجمع ہونےسےعمران خان کی نیندیں اڑ چکی ہیں،حمزہ شہباز

لاہور:حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے سے عمران خان کی نیندیں اڑ چکی ہیں اور وہ ہوش کھوچکے ہیں۔

لاہور کی نیب عدالت کے باہراپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازنے میڈیا سے بات کرتےہوئے کہا کہ اس وقت ملک ایک نازک مرحلے سے گزر رہا ہے،جب سے تحریک عدم اعتماد جمع ہوئی ہے عمران خان ہوش کھوچکے ہیں۔ انھوں نے طنزیہ کہا کہ اسلام آباد کےپمزاسپتال عمران خان کےقریب ہے،وہاں سے انھیں اپنا چیک اپ کروانا چاہئے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کی راتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اور اب وہ اراکین قومی اسمبلی کے گھروں کے اندر گھس چکے ہیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو عوام کے پاس جاکر ان کی حالت دیکھنی چاہئے،وہ تو بنی گالہ جاکر بیٹھ جاتے ہیں،اراکین کو عوام میں جانا ہوتا ہے اور ان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نوازشریف سےمنی لانڈرنگ کا حساب مانگنے والوں کے پاس خود کوئی ثبوت نہیں ہے۔پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ایوان صدر آرڈیننس کی فیکٹری بن چکا ہے لیکن تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔اس کے علاوہ لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نےنیب ریفرنس پر سماعت کی۔

عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز سمیت نامزد ملزمان کو طلب کررکھا تھا۔عدالت نے نیب کے گواہوں کو بیانات کے لیے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔لیگی رہنماؤں کی پیشی کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری عدالت کے باہر تعینات کی گئی تھی۔شہبازشریف کےوکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی ہے۔ وکیل سے عدالت نے استفسار کیا کہ شہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست کس گرؤانڈز پردائر کی گئی۔

عدالت کو وکیل نے بتایا کہ شہبازشریف پارٹی کے صدر ہیں،تحریک عدم اعتماد جمع ہوچکی ہے۔اس پر عدالت کی جانب سے جواب دیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد کا سیشن تو نہیں ہورہا ہے،کیا سیاسی جماعت کا صدر ہونے سے حاضری معافی کی منظور ہوجاتی ہے،آپ کی درخواست کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔عدالت کوشہبازشریف کےوکیل نے بتایا کہ اس سے قبل دوسری عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کی تھی۔عدالت نے شہباز شریف کی ایک روز کے لیے حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں