بلوچستان ہائی کورٹ میں پیکا کیخلاف سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی
کوئٹہ (انتخاب نیوز ) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس ، بلوچستان بار کونسل اور بلوچستان ہائی کورٹ بار کی جانب سے پیکا ترمیمی آرڈیننس کے خلاف دائر درخواست کی سماعت شروع کی تو ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیکا ترمیمی صدارتی آرڈیننس کو کالعدم قرار دے دیا ہے اس لئے اس کیس کو خارج کردیا جائے۔ تاہم بلوچستان ہائی کورٹ بار کے صدر عبدالمجید کاکڑ اور بلوچستان بار کونسل کے راحب بلیدی نے اعتراض کیا کہ ہمیں ابھی تک اسلام آباد ہائی کورٹ کی کاپی موصول نہیں ہوئی اگر اٹارنی جنرل آفس فیصلے کی کاپی مہیا کردے تو ہم اس کیس میں بحث کریں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔بلوچستان بار کونسل کے راحب بلیدی ایڈووکیٹ اوربلوچستان ہائی کورٹ کے عبدالمجید کاکڑ نے درخواستوں کی پیروی کی ۔ بی یو جے کی جانب سے سینئر نائب صدر نور الہی بگٹی، جنرل سیکرٹری منظور احمد، جبار بلوچ و دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔


