کراچی حملے کے ذمہ داروں کو بھاری قیمت چکانی ہوگی چین
چین نے کراچی میں ہونے والے حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ چینی شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اور اس واقعے کے پیچھے جو لوگ ہیں وہ یقیناً اس کی قیمت چکائیں گے۔بدھ کے روز چینی ترجمان کے مطابق گزشتہ روز روز کراچی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی مسافر وین کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ، جس کے نتیجے میں تین چینی اساتذہ ہلاک، ایک چینی استاد زخمی اور متعدد پاکستانی جاں بحق یا زخمی ہوئے۔چین نے اس حملے کی شدید مذمت اور شدید غم و غصے کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرین کے لواحقین سے گہری تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان کے مطابق چین کے معاون وزیر خارجہ وو جیانگ ہاو¿ نے چین میں پاکستانی سفیر کو فوری فون کر کے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان فوری طور پر واقعے کی مکمل تحقیقات کرے، قصورواروں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے، اور پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے۔وانگ وین بین نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی اٹوٹ ہے اور چین پاکستان باہمی اعتماد و تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اورحملہ آوروں کو یقیناً ان کے جرائم کے لیے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔


