بلوچستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ پر پابندی ہے، قدوس بزنجو
مسقط (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی سابق صوبائی وزیر بزرگ سیاستدان میر عبدالغفور کلمتی سے ملاقات۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال او ر گوادر کی ترقی سے متعلق امور پر بات چیت۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر اور مکران کی مجموعی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم نے 2018ء میں بھی اپنی حکومت کے دوران گوادر کی ترقی اور مقامی لوگوں کے مسائل کے حل پر توجہ مرکوز رکھی۔ اب بھی بحثیت وزیراعلیٰ اسی پالیسی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ لوگوں کو انکی دہلیز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری ترقیاتی پالیسی کی بنیاد ہے۔ ماہی گیروں کے حقوق اور انکی فلاح بہبود یقینی بنا رہے ہیں۔ بلوچستان کے سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ پر مکمل طور پر پابندی ہے۔ سرحدی علاقوں کے عوام کی سہولت کیلئے بارڈر کھول دیے گئے ہیں۔ غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ عوام کے روزگار اور انکی عزت نفس کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ مکران کے لوگوں کو حاصل روزگار کے مواقع کسی بھی صورت چھننے نہیں دینگے۔ سیکورٹی فورسز کو ہدایت ہے کہ عوام کو عزت و احترام دے کر انکا اعتماد حاصل کریں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف بھی گوادر کی ترقی چاہتے ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں گوادر مکران اور صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے ملکر کام کریں گی۔ آئندہ بجٹ عوامی اور مثالی ہوگا۔ ترقیاتی پروگرام میں صوبے کے ہر حلقے اور علاقے کی ترقی کے منصوبے شامل کریں گے۔ میر عبدالغفور کلمتی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ گوادر اور مکران کی ترقی کی حکومتی پالیسی و اقدامات قابل تعریف ہیں۔ گوادر کے عوام کسی بھی منفی اور ترقی مخالف مہم کا حصہ نہیں بنیں گے۔


