ٹی ٹی پی کا پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں کے نام دھمکی آمیز خط

پشاور (انتخاب نیوز) کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی نے پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ وہ فورسز سے علیحدگی اختیار کر لیں بصورتِ دیگر انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ٹی ٹی پی کا سیکیورٹی اہلکاروں کے نام یہ دھمکی آمیز خط حال ہی میں منظرِ عام پر آیا ہے جس میں انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ‘بے گناہ لوگوں پر ظلم و ستم’ سے باز رہیں۔ ٹی ٹی پی نے اپنے اس خط میں اپنی سرگرمیوں کو بھی تیز کرنے کی دھمکی دی ہے۔ تاہم حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کسی بھی شدت پسند گروہ کو ریاستی عمل داری کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹی ٹی پی کا یہ خط ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب عید الفطر کے فوراً بعد جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کے سرکردہ رہنماو¿ں نے حکومتِ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات اور مصالحت کے لیے ایک 40 رکنی جرگہ تشکیل دیا تھا۔ جرگے کے ترجمان شیرپاو¿ محسود نے ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات چیت میں فریقین سے کم از کم ایک ماہ کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی تھی تاہم اب تک کسی بھی فریق نے اس اپیل پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے لیے جرگے کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں