تحریک انصاف کا طریقہ سیاست ملک وقوم کیلئے ناسور بن چکا ہے،شیری رحمان
اسلام آباد:نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا طریقہ سیاست ملک وقوم کیلئے ناسور بن چکا ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے سیالکوٹ کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے ایک جلسے کی خاطر سیالکوٹ کو میدان جنگ بنایا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلسے کے لئے گرجا گھر کا انتخاب کیوں کیا گیا؟ گرجا گھر کے تقدس کے لئے مسیحی برادری کو احتجاج کرنا پڑا، مدینہ کی ریاست بنانے کے دعویداروں کو دوسروں کے مذہبی جذبات کا خیال رکھنا چاہئے تھا۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں نفرت کو فروغ دینا بند کریں، ان کی وجہ سے ملک میں تقسیم دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ یہ اپنی سیاست کے خاطر ایک بدترین اور خطرناک صورتحال پیدا کر رہے ہیں، تحریک انصاف کا طریقہ سیاست ملک و قوم کیلئے ناسور بن چکا ہے، ملک اس طرح کی سیاست برداشت نہیں کر سکتا۔


