کراچی میں سی ٹی ڈی کے آپریشن میں علیحدگی پسند تنظیم کے 2 کارندے ہلاک
کراچی: ماڑی پور میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ہمراہ سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران 2 کارندے ہلاک جب کہ 2 فرار ہوگئے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے سی ٹی ڈی کے ہمراہ آپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 کو ہلاک کردیا جب کہ ان کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 کارندے شدید زخمی ہوئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے، دونوں دہشت گردوں کی لاشیں سول اسپتال پہنچادی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک کارندے کی شناخت اللہ ڈنو اور نواب کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ دونوں کا تعلق علیحدگی پسند تنظیم سندھ ریوولیشن آرمی سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد سامان میں ڈائنامائٹ اسٹک، دو ٹی ٹی پستول، ڈیٹونیٹر اور ریموٹ کنٹرول شامل ہے جب کہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا جس کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار نے ناکارہ بنا دیا ہے۔


