دریائے سندھ ہماری شہ رگ ہے، جو اب خشک ہو گیا، شیری رحمن
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا فی کس پانی کا استعمال دنیا میں سب سے زیادہ ہے جس کے باعث 2025 تک خشک سالی کا شکار ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران ہیٹ ویو کی موجودہ صورتحال پر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دریائے سندھ ہماری شہ رگ ہے جو اب خشک ہو گیا ہے، احتیاط نہ برتی گئی تو بار بار ہیٹ ویو آتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے آلودہ ممالک میں شامل کیا جاتا ہے اور گزشتہ 3 سال سے تربت، جیکب آباد اور دادو دنیا کے گرم ترین شہروں کی فہرست میں سب سے زیادہ ہیں۔ اس موقع پر شیری رحمان نے تعلیم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے معیار سے میں ذاتی طور پر مطمئن نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو کیرئیراور زندگی میں اپنا مقام حاصل کرنے کے لئے محنت اور مقابلہ کرنا ہوگا اور تعلیم حاصل کرنے کے راستے میں معذرت خواہ رویوں کو ترک کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو اپنے معاشرے کو کچھ واپس دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


