وزیر اعظم کا 28ارب کاریلیف پیکیج،غریبوں کا ماہانہ 2ہزار روپے دینے کا اعلان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بوجھ سے بچانے کیلئے 28 ارب روپے کے فنڈ سے پیکج کا آغاز کر رہے ہیں۔ غریب گھرانوں کو 2 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ حکومت سنبھالنے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ قوم نے جس ذمہ داری کے لیے مجھے منتخب کیا وہ میرے لیے اعزاز ہے، وزیراعظم کا منصب سنبھالنا کسی کڑے امتحان سے کم نہیں، اپنے قائد نوازشریف اور اتحادی جماعتوں کا شکرگزار ہوں، پاکستان کے عوام نے مطالبہ کیا کہ اس نااہل اور کرپٹ حکومت سے ان کی فوری جان چھڑائی جائے۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے عوام کی آواز پر لبیک کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو ہر شعبہ تباہی کی داستان سنا رہا تھا، ایسی تباہی میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی جو چار سال میں ہوئی، یہی وجہ ہے کہ ہم نے پاکستان کو بچانے کا چیلنج قبول کیا،ملک کو بہتری کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے انتھک محنت درکار ہوگی، ہماری سیاست کے ریشوں میں نفرت کا زہر بھر دیا گیا۔ ایک شخص نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے سازش کی کہانی گڑھی، امریکا میں ہمارے سفیر نے بھی سازش کی کہانی کو یکسر مسترد کردیا، قومی سلامتی کمیٹی نے بھی دو مرتبہ سازش کی کہانی کو مسترد کیا، ایک شخص قومی تعلقات اور سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچا رہا ہے، پاکستان آئین کے مطابق چلے گا کسی ایک کی ضد سے نہیں۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور میں پاکستان نمایاں ترقی کررہا تھا، اس شخص کی ہٹ دھرمی اور دھرنے سے چین سے معاہدہ تاخیر کا شکار ہوا۔چینی صدراس وقت تاریخی معاہدہ کرنے پاکستان آرہے تھے، اس شخص کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے چینی صدرکا دورہ تاخیرکا شکارہوگیا تھا، عوام کے جان ومال کوتحفظ بنانا اولین ترجیح ہے۔ تحریک عدم اعتماد سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئینی طریقے سے حکومت بدلی گئی اور دروازے کھولے گئے پھلانگے نہیں۔ شہباز شریف نے عمران خان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ آپ نے کیا ہم نے نہیں، عوام کو مہنگائی کی چکی میں آپ نے پیسا ہم نے نہیں، ملک کو تاریخ کے بدترین قرض کے نیچے دفن کردیا،سب سے زیادہ کرپشن آپ کے دور میں ہوئی۔ ملک میں لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے آپ کے دور میں ہوئے، میری خدمات عوام کے سامنے ہیں، ہمارے سامنے صرف اور صرف ایک مقصد ہے، ہم مشکل فیصلہ کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی سانسیں بند ہوئے تو ذمہ دارآپ ہیں، ماضی میں بھی ہم نے مشکل حالات کا کامیابی سے سامنا کیا تھا، ہمارا ایک ہی مقصد وطن عزیز کو خوشحال اور قائد کا پاکستان بنانا ہے، انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں آئی ایم ایف سے معاہدہ آپ نے کیا، آئی ایم ایف کی سخت شرائط آپ نے مانی ہم نے نہیں، ملک کومعاشی دلدل میں آپ نے دھنسایا ہم نے نہیں۔ ہم نے حکومت نے سنبھالی تو مہنگائی عروج پر تھی، ڈالر 2018 میں 115 پر چھوڑ کرکے گئے تھے، سابق حکومت کے پونے چارسال میں ڈالر189 تک پہنچ گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ روز دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا لیکن یہ فیصلہ کیوں کیا یہ ا?پ کے سامنے لانا ضروری ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کیلئے ناگزیر تھا، اس نہج پر پاکستان کو گزشتہ حکومت نے پہنچایا۔ قوم کو پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بوجھ سے بچانے کیلئے 28 ارب روپے کے فنڈ سے پیکیج کا ا?غاز کر رہے ہیں۔ غریب گھرانوں کو 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ داخلی محاذ کی طرح خارجی محاذ پر گزشتہ پونے 4 سال پاکستان کے قومی مفادات کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہوئے، ہر مشکل میں ساتھ دینے والے پاکستان کے دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، اب ہم نے ان غلطیوں کی اصلاح اور دو طرفہ تعلقات کی بحالی کا عمل شروع کردیا ہے۔ ہم پاکستان کے اس اصولی مؤقف کا پوری قوت سے اعادہ کرتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بھات کی ذمہ داری ہے کہ 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو ختم کرے تاکہ بامقصد بات چیت سے جموں اور کشمیر سمیت تمام متنازع امور کو حل کرنے کی طرف ٹھوس پیش رفت ہو،ہمارے سامنے دہشت گردی اور بدامنی کی صورت میں ایک اور چینلج موجود ہے، یہ فتنہ بدقسمتی سے دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، صوبوں کے ساتھ مل کر نیشنل ایکشن پلان کی ازسر نو بحالی شروع کردی ہے، یہ قومی مفادات سے جڑے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے بھی نہایت ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلاشبہ مشکلات بے پناہ اور راستہ کانٹوں سے بھرا ہوا ہے لیکن ہمارا بھروسہ اللہ تعالیٰ کی کریم ذات پر ہے جو خلوص نیت سے کام کرنے والوں کی نیت کو ہر گز رائیگاں نہیں فرماتا۔ ہم آپ سے عہد کرتے ہیں کہ مل کر امانت اور دیانت کے ساتھ شبانہ روز محنت کریں گے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، میں اور میری کابینہ اپنے ہر فیصلے کے لیے آپ کی عدالت میں جوابدہ ہوں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے لیے پیغام ہے کہ آئیے! ہم سب مل کر پاکستان کو ایک ایسا ملک بنائیں جس میں اختلاف رائے کو دشمنی نہ سمجھا جائے جہاں تنقید کو حوصلے سے برداشت کیا جائے، جہاں قومی خدمت ہی سیاست کا اصل معیار ہو، درسگاہوں کھل جائیں، نفرت گاہوں کے در بند ہوجائیں، جہاں عورتوں کے حقوق مقدم، اقلتیوں کے حقوق محفوظ ہوں، جہاں مزدور اور کسان خوش حال ہوں، جہاں مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوں، رزق کی فراوانی اور آسانی ہو، جہاں کا عدل باعث فخر ہو جہاں ظلم کا خاتمہ ہوجائے۔
اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادی حکومت نے اگست 2023تک مدت مکمل کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کرلیا ہے،وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا ہے دباؤ میں آکر کوئی انتخابات نہیں ہوں گے،ڈی چوک پر کسی کو دھرنا نہیں کرنے دیں گے،عمران چھ دن بعد آئیں مختص جگہ احتجاج کا شوق پورا کر لیں، وقت آگیا تصادم کی بجائے ملک کے لئے کام کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اتحادیوں کا اہم اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔اجلاس میں بڑے حکومتی فیصلے کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اگست 2023تک مدت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے پیش نظر موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کے لئے بڑا ریلیف پیکیج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پیکیج بی ایس پی اسکیم کے ذریعے دیا جائے گا۔ پیکیج سے سوا کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ غیر یقینی صورتحال سے ملک کو نکالا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا سب کو بتا دیں کوئی غیریقینی نہیں مدت مکمل کریں گے۔ دباؤ میں آکر کوئی انتخابات نہیں ہوں گے۔ڈی چوک پرکسی کو دھرنا نہیں کرنے دیں گے۔وزیراعظم نے کہا عمران چھ دن بعد آئیں مختص جگہ احتجاج کا شوق پورا کر لیں۔اتحادیوں کی جانب سے حکومتی فیصلوں کی مکمل تائید کی گئی۔ وزاعظم کا کہناتھا دسمبر جنوری تک حکومتی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آئیں گے۔ ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔وقت آگیا تصادم کی بجائے ملک کے لئے کام کریں۔


