اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے مجھ پر دباؤ ڈالا گیا تھا، عمران خان

پشاور (انتخاب نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب وہ حکومت میں تھے تو اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا اور پیغامات بھیجے گئے کہ اپنے ملک کا سوچیں، پیغام کس کی طرف سے آیا، یہ ابھی نہیں بتا سکتا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کے دوران سابق صدر آصف زرداری سے رابطوں کی بھی تردید کی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق بتایا کہ جب وہ حکومت میں تھے تو اس وقت اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے دباؤ ڈالا گیا تھا اور پیغام دیا گیا تھا کہ اپنے ملک کا سوچیں۔ انہوں نے یہ تو نہیں بتایا کہ دباؤ کس کی طرف سے تھا، تاہم یہ کہا امریکہ کے زیرِاثر مخصوص لابی مسلم ممالک سے اسرائیل کو تسلیم کروانا چاہتی ہے۔ حالیہ دنوں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے ایک وفد کے اسرائیل سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں سوچتا تو یہ نظریہ پاکستان اور قائداعظم کے خواب کی نفی ہوتی۔ اس لیے اس دباؤ میں نہیں آیا۔ عمران خان نے ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق سوالات کے دوران اسٹیبلیشمنٹ کے کردار کے حوالے سے تبصرے سے گریز کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں