وکلا اور عدالتی عملے میں تصادم، علاقہ میدان جنگ بنا رہا، پولیس کی شیلنگ
کراچی (انتخاب نیوز) سٹی کورٹ میں وکلاء کی جانب سے چوکیدار پر تشدد اور عدالتوں کے دروازے بند کے معاملے پر جمعرات کو بھی حالات کشیدہ رہے، عدالتی ملازمین وکلاء کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے دروازہ توڑ کر سٹی کورٹ میں داخل ہوئے اس دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پتھرائو کیا گیا، پتھرائو کے باعث علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا، کشیدہ صورتحال کے باعث موقع پر موجود پولیس نفری نے شیلنگ کردی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالتی عملہ ہڑتال پر تھا، عدالتی عملے کی جانب سے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ پر کراچی بار نے بھی ججز رویے کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا تھا، وکلا نے صبح سویرے سٹی کورٹ کے دروازے اور ججز گیٹ بھی بند کرکے ججز، عدالتی عملہ اور سائلین کا سٹی کورٹ میں داخلہ بند کردیا تھا۔ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے شدید شیلنگ کی، بھگدڑ مچنے سے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک روانی بھی متاثر ہوئی۔


