سندھ ہائیکورٹ نے اسکول فیسوں میں 20 فیصد کٹوتی کا نوٹیفیکشن معطل کردیا

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے والدین کو 14 مئی تک 2 ماہ کی اسکول فیس میں 20 فیصد کمی سے متعلق جاری کیا گیا نیا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔ مطابق جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے آئندہ سماعت کے لیے تعلیمی حکام اور صوبائی حکومت کے وکیل کو بھی نوٹسز جاری کردیے۔گزشتہ ہفتے اسکول فیسوں میں 20 فیصد کٹوتی سے متعلق صوبائی حکومت کے نوٹی فکیشن کے خلاف درخواست نمٹائے جانے کے بعد نجی اسکولوں نے اسی حوالے سے سندھ ہائی کورٹ سے دوبارہ رجوع کیا تھا،خیال رہے کہ صوبائی حکومت نے اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد رعایت کا پرانا نوٹیفکیشن واپس لے لیا تھا اور قواعد میں ترمیم کے بعد نیا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔درخواست گزاروں نے ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن/رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشن کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے 28 اپریل کو جاری کیے گئے حکم کو چیلنج کیا جس میں ایک مرتبہ پھر فیسوں میں 20فیصد کٹوتی کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔


