کوئٹہ، لاپتہ کفایت اللہ، داد محمد مری کے اہلخانہ کا حکام بالا سے بازیابی کا مطالبہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے لگائے گئے وائس آف بلوچ مسنگ پرسن کے پریس کلب کوئٹہ میں لگے احتجاجی کیمپ میں مختلف لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر کفایت اللہ لانگو کی اہلیہ، داد محمد مری کی ہمشیرہ نے شرکت کی۔ کفایت اللہ لانگو کی اہلیہ نے کہا کہ میرے شوہرکو رواں سال فروری کو سیکورٹی فورسز نے گھر سے حراست میں لیکر لاپتہ کردیا، ہم سے کہا گیا کہ تفتیش کرکے چھوڑ دینگے لیکن ہمیں کفایت اللہ کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی جاری ہے۔ حکومت مجھے اور میرے بچوں کو اذیت نہ دے اور میرے شوہر کو منظر عام پر لائے۔ داد محمد مری کی ہمشیرہ کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کو 10 سال قبل حکومت نے گرفتار کیا، انہیں ان کے بھائی کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ان کا خاندان ذہنی کرب اور اذیت میں مبتلا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انکے بھائی داد محمد مری پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔


