جامعہ بلوچستان میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑے کا تصفیہ خوش اسلوبی سے ہوگیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) گزشتہ روز جامعہ بلوچستان میں بی ایس او اور پی ایس ایف کے درمیان ہونے والے تصادم کا خوش اسلوبی سے تصفیہ ہوگیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و ایم پی اے اصغر خان اچکزئی اور پی ایس ایف کے صوبائی صدر طاہر شاہ کاکڑ و دیگر رہنماءروایتی میڑ لے کر فیصلے کیلئے پہنچے۔ تصفیہ بی این پی کے مرکزی ہیومین رائٹس سیکرٹری و ایم پی اے احمد نواز بلوچ کی سربراہی میں انکی رہائش گاہ پر ہوا جہاں بی این پی کے مرکزی فنانس سیکرٹری ایم پی اے اختر حسین لانگو، بی ایس او پجار کے چیئرمین زبیر بلوچ، بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات بالاچ قادر، بی ایس او کے سابقہ سیکرٹری جنرل منیر جالب بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر و ایم پی اے اصغر خان اچکزئی، پی ایس ایف کے صدر طاہر شاہ کاکڑ، بی ایس او پجار کے صوبائی صدر بابل ملک سمیت بی ایس او اور پی ایس ایف کے زونل و مرکزی رہنماءبھی موجود تھے۔ دونوں گروہوں کو آپس میں شیرو شکر کرکے دعا کی گئی۔ آخر میں ایم پی اے احمد نواز بلوچ، ایم پی اے اختر حسین لانگو، ایم پی اے اصغر خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ پشتون اقوام روایات کے امین ہیں جہاں رواداری، بھائی چارگی اور ایک دوسرے کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو فروغ ملتی ہے۔ جامعہ میں ہونے والے واقع کو بھلا کر دونوں اقوام کے طلباءاپنے ساتھیوں تک امن محبت اور یکجہتی کا پیغام لیکر جائیں۔ ہمارے بزرگوں نے بلوچ پشتون یکجہتی کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔ راہشون سردار عطاءاللہ خان مینگل، میرغوث بخش بزنجو، باچا خان و دیگر بلوچ پشتون اکابرین نے ملکر حقوق کی جدوجہد کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں بلوچ پشتون اتحاد کو توڑنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں لیکن کل کے واقعے کے بعد دونوں تنظیموں کے رہنماو¿ں کی جانب سے انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے ان قوتوں کو یہ پیغام دی گئی کہ ہم دونوں مظلوم اقوام اپنی اتحاد کے راستے میں خلل ڈالنے نہیں دینگے۔


