کوہلو، کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا وجود نہ ہونے پر بھی افسران رقم کھا گئے
کوہلو (انتخاب نیوز) کروڑوں روپے کی اسکیمات کا زمین پر وجود نہیں یا پھر عرصہ دراز سے نامکمل پڑی ہیں، افسران مزید رقم قومی خزانے سے لے جانے کی تیاری میں مصروف۔ رکن صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر تعلیم فوری نوٹس لیں، عوام کے ٹیکسیوں کی رقم کو عوامی اسکیمات پر خرچ کیا جائے۔ بلوچستان کے ضلع کوہلو میں گزشتہ سال یعنی 2021۔22 ء کے پی ایس ڈی پی میں شامل کروڑوں روپے کے لاگت سے بننے والے اسکیمات کا وجود زمین پر موجود نہیں ہیں یا پھر ادھوری پڑی ہیں، باوثوق ذرائع کے مطابق ایسے تمام اسکیمات جن کا زمین پر وجود نہیں یا نامکمل ہیں ان تمام اسکیمات کی رقم بھی افسران اور ٹھیکیداروں نے نکال کر ڈکار لی۔ عوامی و سماجی شخصیات نے رکن صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری سے مطالبہ کیا کہ عوامی ٹیکسوں سے بننے والی نامکمل اسکیمات کے بارے میں فوری نوٹس لے کر ملوث افسران اور ٹھیکیداروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ترقی کا پہیہ جام نہ ہو جائے۔


