بلوچستان سے متعلق پایا جانے والا منفی تاثر ختم کرنا ہوگا، ربابہ بلیدی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے متعلق قومی رائے عامہ کو مثبت انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے یہاں کے لوگ باصلاحیت اور محنتی ہیں تاہم محدود وسائل اورمواقعوں کی عدم فراہمی کے باعث انہیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع نہیں ملتا ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بلوچستان اسمبلی میں قانون سازی اور پارلیمانی امور سے متعلق شرکاء کو آگاہی دی، اپنے خطاب میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان روایات کا امین صوبہ ہے جہاں بکھری آبادی اور محدود وسائل ہیں وسیع رقبے پر مشتمل اس صوبے کے تمام علاقوں کی رسم و رواج الگ الگ اور انفرادیت پر مشتمل ہیں۔ یہ بات باعث اطمیان ہے کہنیشنل سیکورٹی ورکشاپ میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر سے لوگ شریک ہیں جنہوں نے ایک دوسرے کے تجربات اور علاقائی روایات و کلچرسے آگاہی حاصل کی اس ورکشاپ کے شرکاء نے بلوچستان کو بہت نزدیک سے دیکھا اور محسوس کیا ہے ورکشاپ میں شریک اب یہ تمام لوگ ملک کے سفیر ہیں جنہوں نے قومی یکجہتی کے لئے کام کرنا ہے اور بتانا ہے کہ بلوچستان کے لوگ بھی پاکستان سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی ملک کے دیگر صوبوں کے لوگ کرتے ہیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق پایا جانے والا منفی تاثر ختم کرنا ہوگا اور وطن عزیز کی ترقی کے لئے سب نے ایک سوچ سے آگے بڑھنا ہوگا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء کو بلوچستان قانون ساز اسمبلی میں نوجوانوں، خواتین اقلیتوں کی بہبود سمیت مفاد عامہ کے لئے کی گئی قانون سازی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ورکشاپ کے شرکاء نے پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے مختلف پارلیمانی موضوعات پر سوالات بھی کئے۔


