لاہور ہائیکورٹ نے عمران ریاض کی ضمانت منظورکرلی
لاہور ہائی کورٹ نے اینکر پرسن عمران ریاض خان پر چکوال میں درج مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔واضع رہے کہ جمعرات کو اٹک کی عدالت نے عمران ریاض کے خلاف مقدمہ خارج کرتے ہوئے انہیں رہا کرنےکا حکم دیا تھا تاہم عدالت سے باہر آتے ہیں انہیں چکوال پولیس نے ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا، جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عمران ریاض خان ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس علی باقرنجفی نے عمران ریاض کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ آپ داڑھی کے ساتھ اچھے نہیں لگ رہے، اس پر عمران ریاض نےکہا کہ کل قربانی کے بعد کٹوادوں گا۔
عمران ریاض نےکہا کہ میں جس عدالت میں گیا ہوں وہاں مجھے انصاف ملا ہے، عدالت کویقین دہانی کراتا ہوں کہ میں کوئی بیان نہیں دوں گا۔اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت سے استدعا کی کہ چکوال والےکیس میں ضمانت دے دیں، اس کے علاوہ اِن کی کسی ایف آئی آر میں گرفتاری نہیں ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے عمران ریاض خان کی چکوال کے مقدمے میں ضمانت منظورکرلی، عدالت نے عمران ریاض کی ذاتی مچلکوں پر ضمانت منظور کی۔
اس موقع پر جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ آپ کو ہتھکڑیاں تو نہیں لگیں، اس پر عمران ریاض نے بتایا کہ ہتھکڑیاں اب اُترگئی ہیں۔


