جھوٹی تسلیاں قبول نہیں، دھرنا آخری نتیجے تک جاری رکھیں گے، سمی دین بلوچ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی جانب سے کوئٹہ میں جاری دھرنے میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سمی دین بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا ہے کہ ایک طرف فیک انکاؤنٹر کے نام سے ہمارے معصوم اور بے گناہ لوگوں کو مارتے ہیں اور دوسری طرف جب ہم پرامن طریقے سے آئین کے مطابق انکی بازیابی کیلئے احتجاج کرتے ہیں تو ہمیں جھوٹی تسلیاں دے کر بازیاب کرنے کا وعدہ کرتے ہیں اور اپنے کئے ہوئے وعدوں کو پھر فراموش کرتے ہیں۔ اس دفعہ ہم یہ مصمم ارادہ کر چکے ہیں کہ انکی جھوٹی تسلیوں میں نہ آتے ہوئے اپنے احتجاج کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے دھرنے کو آخری نتیجے تک جاری رکھیں گے۔ دھرنے میں شریک لاپتہ شبیر بلوچ کی ہمشیرہ سیمہ بلوچ نے کہا کہ دھرنے کا پانچواں دن، حکومت کی جانب سے شیلنگ اور قدرت کی جانب سے موسلادھار بارش کا سامنا کرنے کے بعد بھی ہم اپنی جگہ سے نہیں اْٹھے اور نہ اْٹھیں گے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنانا ہمارا حق ہے اور حق کے لئے لڑنے کا حوصلہ ہمارا دین ہمیں دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش رکنے کا نام نہیں لے رہی اور میری بیٹی کا بخار تھم نہیں رہا اور وزیراعلیٰ نے صاف کہہ دیا ہے کہ ہمارے مطالبات اْن کے اختیار میں نہیں۔ ہم جائیں تو کہاں؟ ہم بتائیں تو کسے؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں