دوست محمد مزاری کو نااہل کرانے کیلئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو مراسلہ

لاہور(انتخاب نیوز) سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو نااہل کرانے کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو مراسلہ لکھ دیاگیا۔ مراسلہ رکن پنجاب اسمبلی محمد رضوان نے لکھا ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دوست مزاری نے 16 اپریل اور 22 جولائی کو ہونے والے وزیر اعلی کے انتخاب کو متنازع بنایا، انہوں نے پولیس کو اسمبلی کے اندر بلوا کر ارکان اسمبلی پر تشدد کرایا۔ محمد رضوان کی طرف سے لکھے گئے مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ دوست مزاری نے سپریم کورٹ کے 17 مئی کے احکامات کی ناصرف خلاف ورزی کی بلکہ توہین عدالت کے مرتکب بھی ہوئے۔ مراسلے کے متن کے مطابق دوست مزاری کو نااہل کرانے کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھجوائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں