لاہور، پنجاب کی صوبائی کابینہ سے (ق) لیگ آؤٹ

لاہور (انتخاب نیوز) پنجاب کی جس 21 رکنی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھایا اس میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کا کوئی رکن پنجاب اسمبلی شامل نہ تھا۔ کابینہ میں شامل تمام اراکین پنجاب اسمبلی کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت کے قیام کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے درمیان جو ملاقات ہوئی تھی اس میں صوبائی کابینہ کے اراکین کی شمولیت کے حوالے سے عمران خان اور پرویز الٰہی میں اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ (ق) لیگ کو سونپ دی ہے جس کے بعد کابینہ میں کسی (ق) لیگی رکن کو شامل نہیں کیا جائے گا جبکہ چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے اراکین پنجاب اسمبلی سے وزارتوں کے لئے وعد بھی کر رکھے تھے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے دو روز قبل بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی جس میں پنجاب کی کابینہ کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں