بیرک گولڈ نے بلوچستان سیلاب زدگان کیلئے ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر فراہم کردئیے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بیرک گولڈ کارپوریشن نے بلوچستان میں سیلاب زدگان کی بحالی کے کاموں میں مصروف صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)کو ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر(تقریباً 3کروڑ27لاکھ روپے) فراہم کر دئیے ہیں تفصیلات کے مطابق بیرک گولڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو مارک برسٹو نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیا اور بلوچستان کے عوام پر آنے والی اس ناگہانی آفت اوراس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر کمپنی کی جانب سے اظہار افسوس کیا۔انھوں نے کہا کہ ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنا ہماری بلوچستان کے ساتھ اس مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے جس کے تحت بیرک، حکومت بلوچستان اور پاکستان کی وفاقی حکومت نے ریکو ڈک پراجیکٹ کی تنظیم نواور اسے از سر نو شروع کرنے کا عہد کیا ہے جس کا شمار دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے ذخائر میں ہوتا ہے۔نئے تشکیل شدہ معاہدے کے تحت اس پراجیکٹ میں بلوچستان کاحصہ بنا کسی سرمایہ کاری کے 25فیصد ہے۔پاکستان کی حکومتی ملکیتی انٹرپرائزز کا شیئر 25فیصد جبکہ بیرک50فیصد شیئرز کے ساتھ کان کو آپریٹ کرے گا۔ مارک برسٹو نے مزید کہا کہ بلوچستان اس کان سے بہت فائدے حاصل کرے گامعاہدے کی قانونی کاروائی ختم ہوتے ہی اور کان کی تعمیر کا کام شروع ہونے سے پہلے ہی ہم اس علاقے میں تقریباً 70ملین امریکی ڈالرکی لاگت کے سماجی بہبود کے متعدد بڑے پروگراموں کا آغاز کر دیں گے۔اس کے علاوہ ریکو ڈک ایڈوانس رائلٹی کی مد میں حکومت بلوچستان کو پہلے سال میں 5ملین امریکی ڈالر تک، دوسرے سال میں 7.5ملین امریکی ڈالر تک جبکہ تعمیر کے آغاز تک 10ملین امریکی ڈالر تک ادا کرے گا۔ اس پراجیکٹ میں تعمیر ی مرحلے کے عروج پر 7,500سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا جانا متوقع ہے اور پیداوار کے مراحل میں 4,000کے قریب کل وقتی ملازمتیں پیدا کرے گا۔ بیرک کی مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی کی ترجیح کی پالیسی علاقائی معیشت پر بہتر اثرات مرتب کرے گی۔مار برسٹو نے بتایا کہ یکوڈک پراجیکٹ کی کم از کم عمر 40سال کے لگ بھگ ہو گی۔اس لیے اس سے نہ صرف بلوچستان کے سٹیک ہولڈرز کو بلکہ آنے والی نسلوں کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں