حقیقی آزادی کیلئے لوگوں کو انصاف دینا ضروری ہے، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں غلامی نہیں، عمران خان

لاہور (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے ہاکی اسٹیڈیم میں حقیقی آزادی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلامی انسان کی عزت نفس کو ختم کر دیتی ہے۔ اینٹی امریکن نہیں ہوں، کسی کی غلامی نہیں چاہتا۔ امریکا میں سب سے طاقتور پاکستانی کمیونٹی ہے۔ ہماری سب سے زیادہ ایکسپورٹ امریکا سے ہے۔ نواز شریف اتنا گھبرایا ہوا تھا کہ شکریہ بھی کاغذ دیکھ کر ادا کیا۔ میں امریکہ سے دوستی کر رہا تھا،غلامی کرنے کیلئے تیار نہیں تھا۔ ٹرمپ نے مجھے سب سے زیادہ پروٹوکول دیا تھا۔ پاکستانی قوم کو دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں ہے۔ خواجہ آصف کہتا ہے امریکا نے ہمیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے۔ خواجہ آصف کہتا ہے امریکا نے ہمیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے، خواجہ آصف سے پوچھتا ہوں ملک کو وینٹی لیٹر پر ڈالا کس نے؟۔ وزیراعظم بھکاریوں کی طرح پھرتا ہے۔ ان حکمرانوں کی جائیدادیں بیرون ملک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، مجھے کہتے ہیں آپ امریکا مخالف ہیں، میں امریکا مخالف نہیں ہوں، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں لیکن غلامی نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ سے میرے تعلقات ٹھیک تھے، جب میں واشنگٹن گیا تو جس طرح پروٹوکول اس نے مجھے دیا اس سے پہلے کون سے پاکستانی وزیراعظم کو دیا۔ ان کا کہناتھا کہ میں ان کی مخالفت اس لیے کرتا ہوں کہ انہوں نے مشرف کو دھمکی دی کہ جنگ میں شرکت نہیں کی تو وہ پاکستان کو تباہ کردیں گے اس وقت جنرل مشرف گھٹنے ٹیک گیا اور قوم نے بھاری قیمت ادا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میں وزیراعظم تھا تو رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی تھی تاکہ نئی نسل مغربی تہذیب کے غلام نہ بن جائیں، جب تک ان کو اپنی تاریخ اور دین کا پتہ نہیں چلے گا تو مغربی تہذیب اتنی چھائی ہوئی ہے کہ ہمارے بچے ان کی غلامی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غلامی کی 4 قسمیں ہیں، جس میں ذہنی غلامی بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے مخالف 26 سال سے میری کردار کشی کر رہے ہیں، مجھے بدنام کرنے کے لیے ہرقسم کی کوشش کی، گندی کتابیں لکھوائیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم مل کر قرضے اتاریں گے، اپنے پیر پر کھڑے ہوں گے، مشکل وقت گزاریں گے، آزادی آسانی سے نہیں ملتی، قربانیاں دینی پڑتی ہے اور میری قوم قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ امپورٹڈ حکومت کو ہم فارغ نہیں کرتے اور الیکشن نہیں کرواتے ہم مل کر اس ملک میں جدوجہد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں سب سے زیادہ تباہی پھیلانے والی غلامی انصاف کی عدم فراہمی ہے اور انصاف کی فراہمی سے معاشرہ آزاد حیثیت میں اٹھتا ہے، جب تک انصاف نہیں دیں گے اپنے لوگوں کو آزادی نہیں دے سکتے۔ شہباز گل کے معاون کی اہلیہ کی گرفتاری کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ جو بھی یہ کر رہے ہیں ساری سازشی آج میری آواز کان کھول کر سن لو یہ تم اس قوم کو نہیں روک سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں