بلوچستان میں سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد کی فراہمی جاری ہے، این ڈی ایم اے
کوئٹہ، اسلام آباد (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے ترجمان نے کہا ہے سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد کی فراہمی جاری ہے۔اتوار کو جاری بیان میں ترجمان این ڈی ایم اے کہا ہے کہ سب سے زیادہ امدادی سامان بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں پہنچایا گیا ہے۔ اب تک 39ہزار افراد کیلئے راشن بیگز مہیا کئے گئے ہیں جبکہ45ہزار سے زائد متاثرین کیلئے خیمے بھی بلوچستان پہنچائے گئے ہیں۔ اسی طرح6ہزار ترپالیں، 7ہزار مچھر دانیاں، 3ہزار سے زائد کمبل بھی سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے مہیا کیے گئے ہیں۔مزید برآں 55ڈی واٹرنگ پمپس اور 50جنریٹر بھی بھجوائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کیلئے دیگر امدادی سامان میں کچن سیٹ، حفظانِ صحت کٹس اور کیمیکل سپرے مشینز بھی شامل ہیں جبکہ بلوچستان کیلئے 14اگست کو مزید امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے۔ تازہ کھیپ میں 60ہزار افراد کیلئے ترپالیں، کمبل اور مچھر دانیاں روانہ کی جا رہی ہیں جبکہ 200سکول خیمے بھی امدادی سامان کا حصہ ہیں۔آج روانہ کئے جانے والے امدادی سامان میں 35جنریٹرز اور 30ڈی واٹرنگ پمپس بھی شامل ہیں جبکہ ریلیف سامان میں 5ہزار راشن بیگز اور متاثرین کیلئے 3ہزار واٹر جیری کین بھی روانہ کئے جانے والے امدادی سامان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہ سعودی ریلیف کی جانب سے بلوچستان متاثرین کیلئے فراہم کردہ ایک ہزار راشن بیگز بھی روانہ کئے جا رہے ہیں۔


