سیلاب میں سڑکیں اور پل بہہ گئے، بلوچستان کا دیگر صوبوں سے رابطہ منقطع

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے صوبے کا ملک کے تمام صوبوں سے زمینی راستہ منقطع۔ اس موقع پر جعفر ایکسپریس پر مسافروں کے رش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا، بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے کوئٹہ کراچی شاہراہ بدستور بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہاہے، اسی طرح کوئٹہ، ژوب، ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ دانہ سر کے مقام پر لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے بدستور بند ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں، خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح بولان کے راستے سندھ اور لورالائی کے راستے ڈیرہ غازی خان جانے والا راستہ بھی فورٹ منرو کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیوں کی قطاریں دونوں جانب لگ گئی ہیں۔ محکمہ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے سبب راستے بند ہونے کی وجہ سے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ حالیہ مون سون بارشوں سے اب تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 18 پل پانی میں بہہ جانے سے ٹریفک معطل ہوگیا ہے، جمعے کے روز بھی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں