قوم کس کیساتھ کھڑی ہے، نہ پہلے دباؤ میں آیا تھا اور نہ اب آؤں گا، عمران خان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) تحریک انصاف نے جلد الیکشن کے لیے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا نے دیکھ لیا پاکستانی قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے، نہ میں پہلے دباؤ میں آیا تھا اور نہ اب آؤں گا۔ چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ جس میں موجودہ صورتحال، آئندہ کی حکمت عملی، جلسوں اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے جلد الیکشن کروانے کے لیے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی پارٹی قیادت نے کسی بھی طرح کا دباؤ قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں عمران خان کو ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر بریفنگ دی گئی اور عمران خان کی عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی گئی۔ متفقہ طور پر طے کیا گیا کہ عمران خان شیڈول کے مطابق جلسے کریں گے۔عمران خان نے دوران اجلاس کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستانی قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے، نہ پہلے دباؤ میں آیا تھا اور نہ اب دباؤ میں آؤں گا، ملک کا نظام بہتر کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔


